• news

گنیز ریکارڈ کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ پاکستان کے وقار پر کاری ضرب ہے : رانا مشہود

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ گنیز ریکارڈ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ پاکستان کے مفاد اور وقار پر کاری ضرب ہے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے باعث پاکستان کے دنیا میں اُبھرتے ہوئے سافٹ امیج کے خلاف یہ ایک گہری سازش ہے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے باعث گنیز ورلڈ ریکارڈز کی وجہ سے ہی پاکستان کا ٹیلنٹ دنیا کے سامنے آیا، یوتھ فیسٹیول اور گنیز ریکارڈز کے مابین جو معاہد ہ ہوا جس کا مسودہ آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ انگلینڈ سے آئی نوجوانوں کی کرکٹ ٹیم اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی کرکٹ ٹیم کے مابین میچ کے موقع پر جی سی یو گراؤنڈ میں ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ گذشتہ برس بھی ہم نے گنیز کے ساتھ ورلڈ ریکارڈز بنانے کا معاہدہ کیا اور اس سال بھی دوبارہ معاہدے پر دستخط کئے گئے جن لوگوں نے منفی پروپیگنڈہ کیا ہم ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ ہمارا گنیز ریکارڈز کی ٹیم سے رابطہ ہو چکا ہے جس کے بعد قانونی مشاورت کرکے عدالت سے رجوع کریں گے۔ ہفتہ وار چھٹی کے باعث وہ کل اس بارے میں اپنا مؤقف پیش کریں گے۔ گنیز ریکارڈ نے دنیا کے سب سے بڑے پرچم کا ریکارڈ پاکستان سے منسوب کر دیا ہے جسے کوئی بھی ویب سائٹ پر چیک کر سکتا ہے جبکہ باقی ماندہ ریکارڈز بھی جلد پاکستان کے نام کر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منفی ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں اور اب مزید گنیز ریکارڈ قائم کرکے دکھائیں گے۔ انگلینڈ پاک الیون کے چیف ڈی مشن اظہر جاوید نے کہا کہ دورہ پاکستان کا مقصد انگلینڈ میں پیدا ہونے والے نوجوانوں کو ان کے آباؤ اجداد کی سرزمین پر لانا اور پاکستانی کلچر سے روشناس کرانا ہے۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کی کامیابی انگلینڈ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے بھی فخر کا باعث ہے جس میں کئی ورلڈ ریکارڈز قائم کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن