کشمیر میں خواتین کے کردار پر کانفرنس منگل کو یورپی پارلیمنٹ میں ہو گی
برسلز(ثناء نیوز)مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کے کردار کے حوالے سے ایک کانفرنس منگل (آٹھ اپریل) کو یورپی پارلیمنٹ میں منعقد ہوگی۔ ’’کشمیر خواتین کی نظر سے‘‘ کے عنوان سے اس کانفرنس کو انٹرنیشنل کونسل فار ہیومن ڈیویلپمنٹ (آئی۔سی ۔ایچ ڈی) اور کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام منعقد کیاجارہاہے۔ کانفرنس کے میزبان رکن ای پارلیمنٹ ڈاکٹر سجادحیدر کریم ہیں جبکہ شرکاء میں اہم شخصیات خصوصاًآزادکشمیرکی خاتون وزیربرائے سماجی بہبود فرزانہ یعقوب انسانی حقوق کی کارکن ماریان لوکس، حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک اور سلک کی شریک بانی خولہ صدیقی شامل ہوں گی۔ آئی سی ایچ ڈی اور کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا نے اپنے بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیرایک دیرینہ مسئلہ ہے اور اس کانفرنس کا مقصد مسئلہ کشمیرکے حوالے سے خواتین کے کردار اورمقبوضہ کشمیرکی خواتین کے مصائب خصوصا ً تشدد، جنسی زیادتی، قتل اوردیگر مظالم کوسامنے لاناہے۔