• news

طالبان سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں مگر آپریشن کا آپشن موجود ہے: رانا تنویر

لاہور (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر نے کہا ہے فوج ہماری ہے جہاں چاہیں اسے رکھیں گے‘ فری زون کی صورت میں کوئی علاقہ طالبان کے حوالے نہیں کر رہے۔ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کو اسلحہ بیچنے کی کوشش کر رہے ہیں‘ کوشش ہے اسلحہ کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو اور یقین دہانی لیںگے کہ اسلحہ تیسرے ملک میں استعمال نہیں ہو گا‘ طالبان کیلئے پاکستان کے کسی بھی علاقے کو خالی نہیں کیا جائیگا‘ طالبان نے 250افراد کی فہرست دی تھی صرف 19کو رہا کیا گیا ہے‘ طالبان کے ساتھ معاملات مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں مگرہمارے پاس آپریشن کا آپشن ہر وقت موجود ہے‘ پرویزمشرف کا نام عدالتی حکم پر ای سی ایل میں ڈالا ہے ‘مشرف کیس میں عدلیہ کا فیصلہ قبول کریںگے ۔ گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ عالمی منڈی میں اسلحے کی فروخت میں پاکستان کا حصہ کم رہا ہے جس کی وجہ سے ہم سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کو اسلحہ فروخت کرینگے جس کیلئے کوشش کی جا رہی ہے مگر اس بات کی یقین دہانی لیں گے کہ یہ اسلحہ کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہ کیا جائے۔ حکومت پہلے دن سے ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام مذاکرات کے ذریعے ہی حل کرنا چاہتی ہے اور اس کے لئے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ طالبان سے مذاکرات کئے جا رہے ہیں لیکن مذاکرا ت کا ہرگز یہ مقصد نہیں کہ ہم ان کے غیر آئینی مطالبات کو بھی تسلیم کر لیںگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرویزمشرف سے کوئی ذاتی انتقام نہیں لے رہی جو کچھ ہو رہا ہے وہ آئین و قانون کے مطابق ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن