پولیو ورکرز پر حملوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ملوث نکلی، رپورٹ وزیراعظم کو ارسال
اسلام آباد (اے پی اے+ این این آئی) ملک میں پولیو ورکرز پر حملوں میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو قومی سلامتی سے متعلق ادارے کی طرف سے بھجوائی گئی تحقیقاتی رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ حکومت اس معاملے کو عالمی سطح پر اٹھائے۔ رپورٹ میں جو وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی گئی ہے، ذرائع کے مطابق، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ کو کراچی اور خیبر پی کے کے مختلف علاقوں میں ایسے گروپس اور تنظیموں کا تعاون حاصل ہے جنہوں نے ٹارگٹ کلرز ونگ قائم کر رکھے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے افغان انٹیلیجنس سے روابط رکھنے والے بعض چھوٹے گروپس کو پولیو ورکرز پر حملوں کیلئے فنڈز بھی فراہم کر رہی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت پولیو کے خلاف مہم چلاکر پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی سازشیں کر رہا ہے۔ قومی سلامتی سے متعلق پاکستانی اداروں کی جانب سے حکومت کو تجویز دی گئی ہے کہ پولیو ورکرز پر حملوں میں را کے ملوث ہونے کا معاملہ نہ صرف عالمی سطح پر اٹھایا جائے بلکہ عالمی میڈیا میں بھی اجاگر کیا جائے۔ دوسری جانب بھارت پاکستانی شہریوں کے اپنے ملک میں داخلے کو پولیو فری سرٹیفکیٹ سے مشروط کرچکا ہے۔