سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ تنزانیہ نے جیت لیا، پاکستان کی تیسری پوزیشن
ریوڈی جنیرو (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ تنزانیہ نے برونڈی کو ہرا کر جیت لیا۔ پاکستان نے امریکہ کو شکست دیکر تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ پاکستان کے میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ پر ہوا۔ پاکستان نے امریکہ کو 3-2سے ہرایا، میچ کا پہلا ہاف 1-1اور دوسرا ہاف 2-2گول سے برابر رہا تھا جس کے بعد اضافی وقت دیا گیا لیکن اضافی وقت میں بھی میچ 2-2گول سے برابر رہا جس کے بعد پنلٹی شوٹ دیا گیا اور پاکستان نے امریکہ کو 3-2 سے شکست دیکر ورلڈ کپ فٹ بال میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔ پاکستان پول میں ناقابل شکست رہا تھا جبکہ سیمی فائنل میں برونڈی سے شکست ہوئی تھی۔ تنزانیہ نے برونڈی کو ایک گول کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن ، نومنتخب امیر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانی چائلڈ فٹ بال ٹیم کو برازیل میں شاندار پرفارمنس پیش کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اپنے تہنیتی بیان میںکہا پاکستانی چائلڈ فٹ بال ٹیم کا ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنا قابل فخر کارنامہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی عزت و وقار کو دنیا میں چار چاند لگا دیئے ہیں۔ حکومت پاکستان چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کے ہونہار کھلاڑیوں کو سرکاری سطح پر پذیرائی دے اور ان کو قومی اعزاز سے نوازے۔