متحدہ کی سندھ حکومت میں شمولیت پر پیپلزپارٹی کے اندر اختلاف، بعض وزرا کا عہدے چھوڑنے سے انکار
اسلام آباد (آن لائن) سندھ میں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان شراکت اقتدار کی بیل منڈھے نہیں چڑھ سکی لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے بعض وزراء وزارتوں کے قلمدان ایم کیو ایم کو دینے کیلئے تیار نہیں اور ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت بارے پیپلزپارٹی کے اندراختلافات پائے جاتے ہیں اور مفاہمتی عمل کے جادوگر رحمن ملک کو مایوسی ہوئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان گفت و شنید کا عمل بھٹو کی برسی کی وجہ سے رک گیا تھا اور دوسری وجہ بعض وزراء اپنے قلمدان ایم کیو ایم کے حوالے کرنے کیلئے تیار نہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک دونوں جماعتوں کے درمیان مفاہمت کرانے کیلئے متحرک ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں شمولیت سے پیپلزپارٹی کے اندر اختلافات پائے جاتے ہیں۔