• news

پیپلز پارٹی چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں بڑی رکاوٹ بن گئی

اسلام آباد (مقبول ملک/ دی نیشن رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے عمل میں اہم اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے جسٹس (ر) بھگوان داس کے بطور چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کام جاری رکھنے کے باعث دقت کا سامنا ہے۔ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سینٹ میں پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر جسٹس (ر) بھگوان داس کی بطور چیف الیکشن کمشنر تعیناتی کا بل پاس نہیں کروا سکے گی۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی جانب سے جسٹس (ر) بھگوان داس کا نام پیش کئے جانے والے تین ناموں میں سے منتخب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے قواعد و ضوابط سے متعلق ترمیمی بل پاس کرایا لیکن سینٹ میں ایم کیو ایم اور اے این پی کی مخالفت کے باعث پیپلز پارٹی کا عین موقع پر ذہن بدل گیا۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اس حوالے سے دی نیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایوان بالا میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے قواعد و ضوابط میں ترامیم کا بل پاس نہ ہونا دانشمندی کا ثبوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن