بگٹی کیس مستقل استثنی کی درخواست مسترد‘ مشرف کی 21 اپریل کو طلبی‘ پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کر دینگے : عدالت
کوئٹہ (ایجنسیاں+نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں مشرف کی استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر پرویز مشرف 21اپریل کو پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جائیں گے۔ سماعت کے موقع پر سابق وزیرداخلہ آفتاب شیرپائو اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی پیش ہوئے۔ مشرف کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بار پھر پیش ہونے کا حکم دیا۔ مشرف اگلی سماعت پر لازمی پیش ہوں۔ عدالت نے ان کے ضمانتیوں نظیر احمد اور ممتاز احمد کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ سماعت 21اپریل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔ عدالت کی جانب سے مشرف کے پانچ بار پروڈکشن آرڈر جاری کئے جاچکے ہیں۔ کرائم برانچ کے عملے نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کے ضامنوں کے وارنٹ کی تعمیل نہیں ہوئی۔ مقدمے کے مدعی جمیل بگٹی کے وکیل نے صحافیوں کو بتایا کہ عدالت مشرف کے پیش نہ ہونے پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر سکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس مقدمے میں پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق فوجی صدر کی ضمانت منظور کی ہوئی ہے جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ سلامتی کے خدشات کی بنیاد پر اس کیس کی سماعت اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر چکی ہے۔