• news

وزیرستان : دو طالبان گروہوں میں تصادم‘ 20 جاں بحق سابق وزیر کا بھتیجا اغواء

وانا + میرانشاہ (نیوز ایجنسیاں+ اے ایف پی) شمالی اور جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں طالبان کے دو کمانڈروں حکیم اﷲ محسود اور خالد عرف سجناں کے حامیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں حکیم اﷲ گروپ کے کمانڈرکشیر محسود سمیت 20 شدت پسند جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا جبکہ جنوبی وزیرستان میں سابق صوبائی وزیر شیر اعظم کے بھتیجے عتیق الرحمٰن کو اغوا کر لیا گیا ہے اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق شکتوئی کے علاقے میں خالد گروپ نے حکیم اﷲ محسود گروپ کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا‘ گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ سے اس پر سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوا جسے قریبی ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔ اے ایف پی کے مطابق قبل ازیں رات بھر جاری رہنے والے تصادم میں 15 شدت پسند جاں بحق ہوئے ہیں علاوہ ازیں سرکاری ذرائع نے واقعہ کے بارے میں ملنے والی معلومات کے بعد بتایا کہ یہ واقعہ طالبان کے دو گروپوں حکیم اﷲ اور خالد عرف سجناں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پانچوں افراد کا تعلق حکیم اﷲ گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ علاقہ میں طالبان کے دونوں گروپوں میں کشیدگی پھیل گئی۔ طالبان ذرائع نے اب تک اپنے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی واضح رہے کہ اس سے پہلے فروری میں طالبان کے انتہائی اہم کمانڈر اور ٹی ٹی پی شوریٰ کے رکن عصمت اللہ شاہین بھٹانی شمالی وزیرستان میں ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ ادھر جنوبی وزیرستان میں خیبر پی کے اسمبلی کے سابق صوبائی وزیر شیر اعظم کے بھتیجے کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے توئے خلہ میں نامعلوم مسلح افراد نے سابق صوبائی وزیر شیر اعظم کے بھتیجے عتیق الرحمان کو اغوا کر لیا۔ عتیق الرحمان جنوبی وزیرستان کے علاقے توئے خلہ میں شکار کے لئے گئے تھے، واقعہ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے مغوی کو جلد از جلد بازیابی کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ اے پی اے وانا شاہد علی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مغوی کی جلد از جلد بازیابی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ علاقے سے تعلق رکھنے والے قبائل کا جرگہ طلب کیا گیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ مغوی عتیق الرحمٰن وزیر کی جلد از جلد رہائی کے لئے اقدامات کریں۔

ای پیپر-دی نیشن