• news

راولپنڈی: لو میرج سے انکار، لڑکی کو تیزاب پھینک کر قتل کرنیوالے کو سزائے موت

راولپنڈی(آئی این پی)راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا مسعود اختر نے زبردستی لو میرج سے انکارکرنیوالی دوشیزہ پر تیزاب پھینک کر موت کے گھاٹ اتارنے والے ملزم دلاور کو سزائے موت کے علاوہ دیگر دفعات کے تحت عمر قید اور 7سال قید سخت اور11لاکھ50ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ تھانہ حضرو اٹک پولیس نے 11نومبر 2013ء کو ملزم دلاور کے خلاف مقدمہ درج کیاتھا، ملزم پرا لزام تھا اس نے میٹرک پاس دوشیزہ مسماۃ (الف) سے شادی کرنے کیلئے کہا تومسماۃ الف نے ماں باپ کی عزت کودائو پر لگانے سے انکار کردیا۔ ملزم زبردستی اسے راضی کرنے کی کو شش کر تارہا اور وہ انکار کرتی رہی جس کے بعد ملزم برقعہ پہن کر دوشیزہ کے گھر میں داخل ہو گیا، ایک بارپھر انکار پر اس نے دوشیزہ پر تیزاب پھینک دیا، جس سے وہ بری طرح جھلس گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔عدالت نے ملزم دلاور کوزیر دفعہ 302میں سزائے موت، ایک لاکھ روپے مقتولہ کے لواحقین کو ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا،دفعہ 336میں عمر قید اور 10لاکھ روپے جرمانہ اور دفعہ 452میں 7سال قید سخت اور 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن