مسئلہ کشمیر بھارت کیساتھ تعلقات کی بحالی میں بڑی رکاوٹ ہے: پاکستانی ہائی کمشنر
نئی دہلی (آن لائن) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے پاکستان بھارت تعلقات کی بحالی میں مسئلہ کشمیر کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو اس اہم مسئلہ کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ اعتماد سازی کو بحال کرنے کے لئے پاکستان بہت جلد بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دے سکتا ہے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت کو فروغ ملنے سے حالات میں ٹھہرائو آنے کی امید کی جاسکتی ہے اور دونوں ملکوں نے پچھلے کئی برسوں سے حالات کو بہتر بنانے کیلئے جو کوششیں کی ہیں انہیں مثبت سمت میں لے جانے کیلئے راہ ہموار ہوسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی کا یہ عالم ہے کہ کشمیر اور سیاچن ایسے دو مسائل ہیں جن کے حل نہ ہونے کی وجہ سے بھارت پاکستان کے مابین تعلقات بہتر بنانے میں رکاوٹیں پیدا ہوجاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی ٹھہرائو ، کبھی فرار ، کبھی نرم ، کبھی گرم طریقے اختیار کر رہا ہے جس کی وجہ سے مسائل کو حل کرنے میں مشکلات پیدا ہوجاتی ہیں۔ بھارت سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ایک قدم پاکستان کی طرف بڑھائے اور وہ پاکستان کو دس قدم آگے پائے گا۔ جب جب بھی کشمیر اور سیاچن کے مسائل کو حل کرنے کیلئے پاکستان نے سنجیدہ نوعیت کی کوششیں کیں بھارت نے رکاوٹیں پیدا کیں۔ اب بھارت تقاضا کررہا ہے کہ پاکستان اسے پسندیدہ ملک کا درجہ دے۔