• news

گوجرانوالہ: مشاق طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ‘ پائلٹ اور معاون شہید

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) راہوالی کینٹ بیس میں آرمی ایوی  ایشن کا طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا‘ تربیتی طیارے میں سوار پائلٹ اور معاون پائلٹ شہید ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ آرمی ایوی ایشن کا مشاق طیارہ راہوالی کینٹ بیس سے معمول کی تربیتی پرواز کے لئے روانہ ہوا مگر پرواز سے چند منٹ بعد ہی طیارہ فنی خرابی کے باعث کینٹ بیس کے بالکل قریب واقع گرائونڈ میں گر کر تباہ ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق مشاق طیارے کے پرواز کرتے ہی اس کے انجن سے آگ کے شعلے نکلنا شروع ہوگئے تھے جس کے بعد تربیتی طیارہ گرائونڈ میں گر گیا جبکہ طیارے میں  پائلٹ اورکو پائلٹ میجر علی اور کیپٹن شجاعت اس حادثہ میں شہید ہوگئے جن کے جسد خاکی کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ طیارے کے تباہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی آرمی کے جوان فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا۔ یاد رہے کہ تقریباً ایک ماہ پہلے 13مارچ کو بھی پاک آرمی کا تربیتی ہیلی کاپٹر شیروز فنی خرابی کے باعث ہنگامی لینڈنگ کرتے ہوئے فصل گندم میں گر گیا تھا جس میں بھی گذشتہ روز حادثہ میں شہید ہونے والے میجر علی موجود تھے لیکن اس حادثہ میں دونوں پائلٹ خوش قسمتی سے محفوظ رہے تھے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تربیتی طیارہ تباہ ہونے کے نتیجے میں 2پائلٹس کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن