• news

کیجریوال کو پانچواں تھپڑ پڑگیا بائیں آنکھ زخمی، مودی ذمہ دار قرار

نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں) عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کو روڈ شو ایک بار پھر مہنگا پڑ گیا۔ نئی دہلی کے علاقے سلطان پوری میں ریلی کے دوران رکشہ ڈرائیور نے پہلے گلے میں ہار ڈالا اور پھر کیجریوال کو تھپڑ جڑ دیا جس سے انکی بائیں آنکھ زخمی ہوگئی۔ انکا سیاسی کیریئر انتہائی فلمی انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔ تھپڑ مارنے والے کو عام آدمی پارٹی کے کارکن پکڑ کر لے گئے، دھلائی کی اور بعد میں پولیس کے حوالے کردیا۔ کیجریوال نے واقعہ کا ذمہ دار نریندر مودی کو قرار دیا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ کیا اس طرح ملکی مسائل حل ہوجائیں گے۔ وہ مجھے وقت اور جگہ بتائیں، میں پہنچ جاؤں گا اور پھر جتنا چاہیں مجھے ماریں۔اے این این کے مطابق اروند کیجریوال کو پڑنے والا یہ پانچواں تھپڑ ہے۔ انہیں پہلا تھپڑ نئی دہلی کے انتخابی جلسے میں پڑا تھا جبکہ چوتھا تھپڑ اور پانچواں بھی انہیں اپنے ہی شہر میں مارا گیا۔ دنیا بھر میں انتخابی مہم کے دوران سیاستدانوں کا کہیں پھول تو کہیں انڈوں سے استقبال کیا جاتا ہے لیکن اروند کیجریوال شائد وہ واحد سیاستدان ہیں جو جہاں جاتے ہیں  لوگ ان کے منہ کو ’’پچنگ بیگ‘‘ سمجھ کر تھپڑ رسید کردیتے ہیں۔ کرپشن کے خاتمے کا نعرہ لیکر میدان سیاست میں آنیوالے اروند کیجریوال نے نئی دہلی کی وزارت کیا چھوڑی، انکے ستارے ہی گردش میں آگئے۔

ای پیپر-دی نیشن