ڈیرہ اسماعیل خان: پولیس نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی
ڈیرہ اسماعیل خان (اے این این) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی ٗ بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ٗ ایک افغان باشندے کو گرفتارکرلیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پروا کے علاقے گرہ طاہر میں پولیس نے ایک گھر پر چھاپہ مارکر دہشت گردی کی واردات کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک گروہ کو گھیرے میں لے لیا اور ایک افغان شہری لاہور خان ولد گل بہرام کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ پولیس نے گروہ کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا جس میں دو رائفل 303 بمعہ فٹ میگزین ٗ ایک پسٹل 30 بور ٗ دو کانیگرم چاقو ٗ350 کارتوس ٗ84 کارتوس کلاشنکوف بمعہ دو میگزین ٗ 20 عدد کارتوس 32 بور بمعہ میگزین ٗ دو الیکٹرانک بیٹریاں بمعہ فیوز جو دھماکہ خیز مواد مں استعمال ہوتی ہیں شامل ہیں ۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔