سینٹ: کابینہ سیکرٹریٹ کمیٹی کا اجلاس، ائرپورٹ لنک روڈ کا پلان تبدیل کرنیکا انکشاف
اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ سال نئی حکومت بننے کے بعد نیو اسلام آباد ایئر پورٹ کی سڑک کے پلان کو تبدیل کر دیا گیا۔ کمیٹی اراکین نے قرار دیا کہ ائیرپورٹ روڈ پلان میں تبدیلی چکری میں ہزاروں کنال اراضی کے مالکان اور وزیرداخلہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی گئی۔ چیئرمین و کمیٹی اراکین کا متفقہ طور پرسول ایوی ایشن اتھارٹی، سی ڈی اے، این ایچ اے کے چیئرمینوں اور آئی سی ٹی اور آر ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار، چیئرپرسن سینٹر بیگم کلثوم پروین نے متنبہ کیا کہ متعلقہ محکمہ جات کے سربراہان کو آخری موقع دے رہے ہیں آئندہ اجلاس میں شرکت لازمی ہونی چاہیے ورنہ تحریک استحقاق سینٹ میں پیش کرینگے۔ سینیٹر عبد النبی بنگش نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ سی ڈی اے انہیں اپنی ذاتی زمین کے لئے اپنے خرچے سے سڑک تعمیر کرنے کی اجازت نہیں دے رہا، پچھلے اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے نے دو ہفتے کا وقت مانگا اور معاملے کو حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور انکے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ چیئرمین کمیٹی نے معاملہ کی چھان بین کیلئے تین رکنی کمیٹی بنا دی جو جمعرات کو سی ڈی اے حکام کے ساتھ موقع کا معائنہ کرکے رپورٹ پیش کریگی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرپرسن سینیٹر کلثوم پروین کی سربراہی میںمنعقد ہوا جس میں سینیٹرز محمد طلحہ محمود، یوسف بادینی، عبدالبنی بنگش، حاصل خان بنگش، سعیدہ اقبال، نجمہ حمید، کامل علی آغا، مشاہد اللہ خان کے علاوہ این ایچ اے اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔