• news

مذاکرات کو ڈرون سے خطرہ ہے : یوسف شاہ…غیر ملکی ایجنٹ ناکامی کیلئے سرگرم ہیں : سمیع الحق

لاہور+ چارسدہ (این این آئی+ اے پی اے)جمعیت علمائے اسلام (س) کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ عوام مطمئن رہیں ملک دشمن طاقتیں جلد بے نقاب ہو جائیں گی، طالبان کی طرف سے سبی میں ٹرین اور اسلام آباد کی سبزی منڈی میں دھماکوں کی مذمت کرنا ثابت کرتا ہے کہ دہشتگردی میں تیسری قوت ملوث ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع اسلام‘ شرعی اور ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ جو طاقتیں ملک میں امن نہیں چاہتیں وہ ایسی مذموم کوششیں کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کی جانب سے جنگ بندی بر قرار ہے۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ طالبان کیساتھ مذاکرات کے حوالے سے قوم کو جلد خوشی کی خبر سننے کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ایجنٹ مذاکرات کی ناکامی کیلئے دن رات اپنے مذموم مقاصد میں سرگرم ہیں۔ ہم امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے ہی طالبان کیساتھ مذاکرات کر رہے ہیں۔ تمام رکاوٹوں کے باوجود بھی ہم مذاکرات کے کامیاب ہونے کیلئے پرامید ہیں۔ مولانا عبدالحلیم سے ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ مذاکرات کی ناکامی کیلئے امریکہ،  بھارت اور برطانیہ کے ایجنٹ دن رات مصروف ہیں۔ علاوہ ازیں طالبان رابطہ کار کمیٹی کے رکن مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے ڈرون کے سائے میں مذاکرات کئے ہیں ڈرون بند ہیں لیکن ڈرون کی پروازیں بھی بند ہونی چاہئیں، ڈرون سے خطرہ ہے ڈرون پروازوں میں مذاکرات آسان نہیں، چارسدہ میں بات چیت کرتے ہوئے مولانا یوسف کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کے بغیر مذاکرات ممکن نہیں، طالبان نے پہلے بھی جنگ بندی کی تھی اس بار بھی مایوس نہیں کرینگے، ہماری کوشش ہے کہ دونوں جانب سے مکمل جنگ بندی ہو۔ مولانا یوسف شاہ نے کہا کہ ہمیں نہیں معلوم کہ اگلے اجلاس کیلئے طالبان اور حکومت کا ایجنڈا کیا ہوگا۔ تاہم جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ طالبان کے زیر حراست افراد کی ہٹ لسٹ میں شامل اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجمل خان، شہباز تاثیر اور حیدر گیلانی کے حوالے سے خدشات میں کس حد تک سچائی ہے تو انہوں نے کہا کہ حکومت نے طالبان کے ساتھ قید افرادکی فہرست انکے حوالے نہیں کی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور فوج کے درمیان مذاکراتی عمل پر اتفاق نظر آرہا ہے اور فوج اور حکومت اس سلسلے میں ایک سمت پر جا رہی ہیں۔ طالبان سے پولیو مہم پر بھی بات کی جائیگی۔ علاوہ ازیں طالبان رابطہ کار کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ اسلام آباد سبزی منڈی دھماکہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے،  طالبان کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی برقرار ہے۔ پروفیسر ابراہیم نے  کہا اسلام آباد سبزی منڈی دھماکہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ایسے واقعات کا مقصد مذاکراتی عمل کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہاکہ طالبان نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی، معلوم نہیں سبزی منڈی کے واقعہ میں کون ملوث ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ جنگ بندی مستقل بنیادوں پر ہو جائے۔

ای پیپر-دی نیشن