• news

گذشتہ دور میں منگوائے ایک ارب کے سکینر ناکارہ نکلے‘ ہر ٹرک چیک نہیں کر سکتے : نثار

 اسلام آباد (ایجنسیاں) وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ سبزی منڈی دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہے ذمہ داروں کو جلد کٹہرے میں لائیں گے، دھماکے میں کون ملوث ہے ؟ تحقیقات کررہے ہیں امرود کی پیٹیاں کہاں سے آئیں جہاں سے فروٹ آیا وہاں کی تحقیقات ہوگی۔کسی کا نام لینا قبل از وقت ہوگا، بچوں کو یتیم کرنے والے اللہ کے غضب سے کیسے بچیں گے؟ پولیس کی جانب سے ہر گاڑی کی انفرادی چیکنگ ممکن نہیں، کسی بھی صوبے کی پولیس کے پاس جدید ٹیکنالوجی نہیں ہے، گزشتہ حکومت نے ایک ارب کے جو سکینرز منگوائے تھے وہ ناکارہ نکلے، درآمد شدہ سکینرز محض کسٹمز کے مقاصد کیلئے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے پولیس افسروں کے ساتھ سبزی منڈی دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری نثار نے کہا کہ سبزی منڈی دھماکے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا سے اپنی اور وزیراعظم کی طرف سے تعزیت کرتا ہوں۔ غریب ترین بستی کو نشانہ بنانے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے، ہماری تحقیقات کے نتیجے میں بہت سے دہشت گردوں کو پولیس اور انٹیلی جنس نے پکڑا ہے، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے خون کی کوئی قیمت نہیں ہم جتنے بھی جتن کرلیں ان کو واپس نہیں لاسکتے حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی۔ تقریباً 300 گاڑیاں روزانہ سبزی منڈی میں سبزی اور فروٹ لے کر آتی ہیں جنہیں پولیس اہلکار روک کر اور سامان اتار کر چیک نہیں کرسکتے اس کے لئے جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے پچھلے پانچ سال میں ٹیکنالوجی حاصل کی گئی 100 کروڑ روپے کے عوض بیرون ملک سے 4 سکینرز خریدے گئے جن میں سے 2سکینرز ابھی تک پہنچے نہیں اورجو دو سکینرز ہمارے پاس موجود ہیں وہ بارود کی جانچ پڑتال نہیں کر سکتے۔ مجھے صرف یہ بتایا جائے کہ 100 کروڑ روپے کا قرضہ ہمارے سر پر ہے جب ہم نئی ٹیکنالوجی خریدیں گے تو اس کیلئے وقت درکار ہوگا جتنا بھی پیسہ خرچ کرنا پڑے۔ صرف صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس کے ساتھ وی آئی پی سکیورٹی ہے، وفاقی وزراء کے ساتھ دو، دو پولیس اہلکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے مکمل ہونے کے بعد حکومت مذاکرات سے متعلق حکمت عملی اختیار کرے گی۔ یہ درست بات ہے کہ دارالحکومت میں مضافاتی کچی آبادیوں میں باہر سے آکر شرپسند لوگ رہائش پذیر ہوتے ہیں اور وہ مشکوک سرگرمیاں جاری رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں چودھری نثار کی زیر صدارت اجلاس میں فروٹ منڈی دھماکے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کچی آبادی میں رہنے والوں کی رجسٹریشن کا عمل فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ چودھری نثار نے کہا ہے کہ رجسٹریشن کے عمل میں انٹیلی جنس ایجنسیوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ رواں ماہ پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پٹرولنگ شروع کی جائے۔ انہوں نے سی ڈی اے کو سبزی منڈی کا کنٹرول حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن