• news

کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں غریب مریضوں کا علاج مفت ہو گا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گردے اور جگر کے امراض کے علاج کیلئے لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں گردے اور جگر کے مریضوں کو جدید طبی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ گردے اور جگر کے امراض کے علاج کیلئے کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے گا۔ فیصل آباد اور ملتان میں ادارے کے سیٹلائٹ سنٹر بنائے جائیں گے۔ کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں غریب مریضوں کا علاج معالجہ بالکل مفت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے کی بہتری اورعوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی پراربوں روپے صرف کررہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بلامعاوضہ سہولتوں کے علاوہ مستحق مریضوںکو ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ صوبے بھر میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ نئے ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔ عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات ان کے گھروں کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے دیہی و بنیادی مراکز صحت کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ امراض گردہ اور جگر کے علاج کیلئے کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت اس ادارے کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ ادارے میں ریسرچ سنٹر بھی بنایا جائے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز میں مخیر حضرات اور ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔ ادارے میں سرجری، میڈیکل ٹریٹمنٹ، تشخیص اور تمام ضروری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کمیٹی 6ہفتے کے اندر مجوزہ منصوبے کے فنانشل ماڈل، ڈیزائن اور دیگر امور طے کر کے جامع رپورٹ پیش کرے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں اور دونوں ملکوں کی قیادت کے درمیان ہونے والی ہر نئی ملاقات ان تعلقات کے مزید استحکام کا باعث بنتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت کے دور میں پاکستان اور چین کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہورہی ہے۔ وہ  گزشتہ روز چین پہنچنے پر سرکاری ونجی شعبہ سے تعلق رکھنے والی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں گذشتہ چند ما ہ کے دوران پاکستان اورچین کے مابین معاشی و تجارتی روابط میں تیزی آئی ہے اور ہم اس دور کو یقینی طور پر پاک چین تعلقات کی تاریخ کا ایک نیا باب قرار دے سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کے معاشی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے نئے دور سے پاکستان کی اقتصادیات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے پاکستان کے لیے 32ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان ملکوں کے باہمی تعلقات کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے۔ چینی قیادت اور حکومت کو پاکستان میں توانائی بحران کی سنگینی کا بھر پور احساس ہے۔ پاکستان جن مشکلات سے دوچار ہے چینی قیادت اس سے بخوبی آگا ہ ہے اور چین ایک مخلص دوست کی طرح پاکستان کے عوام کو مشکلات اور مسائل سے نکالنا چاہتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کے لیے تاریخی اقتصادی پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، اس پیکیج کے تحت توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی بہتری کے لیے مشترکہ منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے چینی کمپنیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے مزیدکہا کہ پاکستان چین کے سرمایہ کاروں کے لیے دوسر ا گھر ہے اور پاکستان خصوصاً پنجاب میں چین کے سرمایہ کاروں کو بہترین مراعات اور سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چینی کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں دل کھول کر سرمایہ کاری کریں اور کاروبار سے منافع بھی کمائیں کیونکہ یہ ان کا حق ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف گزشتہ روز چین کے دورے پر بیجنگ روانہ ہو گئے۔ شہباز شریف چین میں ہونے والی بائو کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔ چین روانگی سے قبل بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین خلوص، محبت اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی خارجہ پالیسی میں چین سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ چین پاکستان میں توانائی سمیت مختلف منصوبوں میں تعاون کر رہا ہے اور ہمارے اس دورے سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاک چین روابط مفید معاشی تعلقات میں بدل چکے ہیں۔ دورہ چین کے دوران توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر اہم پیش رفت ہوگی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر شیخ محمد آصف کے بھائی شیخ فرخ محمود، اردو کے معروف ادیب و نقاد محمد کاظم اور رپورٹر زاہد علی خان کے برادر نسبتی صفدر محمود خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے رحیم یار خان میں 3 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن