• news

سندھ میں آئندہ 3 برسوں کے دوران اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے: قائم شاہ

کراچی (وقائع نگار) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس کے نتیجے میں آئندہ تین سال میں سندھ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کار سندھ میں زراعت، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔ وہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ کانفرنس کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان نے کیا۔ قائم علی شاہ نے کہا کہ ہم نے کانفرنس کے شرکاء کو سندھ میں بزنس کے پرکشش مواقع سے آگاہ کیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ اس سے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت میں بھی اضافہ ہوگا اور سندھ کے عوام بھی خوشحال ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کانفرنس میں شریک متعدد ممالک کے وفود نے مستقبل قریب میں سندھ کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کا یقین دلایا ہے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے سرمایہ کاری کی نمائش میں صوبہ سندھ کے سٹال کا دورہ کیا۔ پاکستانی وفد نے سید قائم علی شاہ کی سربراہی میں مراکش کے وزیرٹر انسپورٹ عزیز رباب سے ملاقات کی اور ان سے مختلف شعبوں خاص طور پر کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انہیں کراچی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے شروع کئے گئے پراجیکٹ کے بارے میں بریف کیا۔ مراکش کے وزیر نے اس منصوبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ بہت جلد حکومت مراکش اپنا وفد سندھ بھیجے گی۔ پاکستانی وفد نے نمیبیا کے نائب وزیر برائے تجارت و صنعت ٹکرو ٹوایا اور ملائشیا کے وزیر پلاننگ، ماحولیات و صنعتی ترقی سراوک سے بھی ملاقات کی۔

ای پیپر-دی نیشن