اسلام آباد دھماکے کے بعد لاہور میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن، متعدد مشکوک افراد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) سی سی پی او لاہور شفیق گجر نے اسلام آباد فروٹ منڈی میں دھماکے کے بعد لاہور میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اور تمام ایس پیز کو شہر کی اہم عمارتوں، شاپنگ سنٹرز، فروٹ اور سبزی منڈیوں، لاری اڈا و دیگر بس سٹینڈز کی سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ ساتھ بند روڈ، لاہور کے سرحدی علاقوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر پیٹرولنگ بڑھانے کے ساتھ ساتھ سرچ اینڈ سویپ آپریشن کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور ایس پی سکیورٹی کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ اور قربان لائن کی سکیورٹی کو بھی بڑھانے کا حکم دیا۔ پولیس اہلکار دن بھر شہر کے مختلف علاقوں میں مشکوک گاڑیوں، موٹر سائیکلوں کو روک کر چیک کرتے رہے اور شہر کے مختلف تھانوں میں 300 کے قریب مشکوک موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو بند کیا گیا۔ باٹا پور، مناواں، کاہنہ، شاہدرہ ٹائون، شاہدرہ، چوہنگ، مانگا منڈی، سندر، رائیونڈ، راوی روڈ، باغبانپورہ، بادامی باغ اور شادباغ کے علاقوں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن کے دوران درجنوں مشکوک افراد کو حراست میں لیکر انہیں مختلف تھانوں میں تفتیش کیلئے منتقل کردیا گیا۔