• news

پندرہ نومبر تک بلدیاتی انتخابات کا اعلان مسائل حل نہ کر سکا تو کرسی چھوڑ دونگا : پرویز خٹک

نوشہرہ (نوائے وقت رپورٹ‘ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے صوبے مں 15 نومبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا۔ جلسے سے خطاب کرتے انہوں نے کہا عوام سے کئے تمام وعدے پورے ہونگے۔ حقیقی تبدیلی کو ٹھیک کرنا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کراکے اقتدار عوامی نمائندوں کے سپرد کر دیں گے۔ انہوں نے کہا واپڈا ہر قسم کی چوری ختم کرے۔ صوبائی حکومت بھرپور تعاون کر رہی ہے۔ آن لائن  کے مطابق بارانی ڈیم کا سنگ رکھنے کے بعد ڈاک اسماعیل خیل میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا  ماضی کے کرپٹ حکمران ہماری حکومت کو ناکام کہہ رہے ہیں وہ ذرا اپنے گریبانوں میں جھانک کردیکھیں جنہوںنے اپنے دور میں نوکریوں اور تبادلوںکے نرخ مقرر کئے تھے کرپشن، کمیشن اور لوٹ کھسوٹ کے سارے ریکارڈ توڑے ان چوروں اور لٹیر وں کے کڑے احتساب کاوقت آگیا ہے اگلے ڈیڑھ ماہ میں احتساب کمیشن کام شروع کردے گا۔ اُنہوں نے کہا صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے لئے بالکل تیار ہے سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ میں حلقہ بندیوںپر اعتراضات اٹھائے اس لیے اب الیکشن کمیشن کے ساتھ ملکر پندرہ نومبر تک بلدیاتی انتخابات کرا کر تمام اختیارات عوام کو منتقل کریں گے اور صوبائی ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد یعنی چالیس ارب روپے عوام کی مرضی سے عوام کے نمائندے خرچ کریں گے تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں طرز حکمرانی تبدیل کرکے تبدیلی کاوعدہ پورا کردیا ہے حقیقی تبدیلی نظام کو ٹھیک کرنا ہے جب تک یہ فرسودہ نظام ٹھیک نہیں ہوگا ہمارا صوبہ ترقی نہیں کرسکتا ۔ ہمارے تھانے ، پٹوار خانے ، سکول ، ہسپتال اور دیگر سرکاری ادارے اب وہ کام کرنے لگے ہیں جس کیلئے یہ بنے ہیں اب کسی پر جھوٹا مقدمہ نہیں چلے گا اور نہ ہی تھانے و پٹوار خانے میں کسی کو رشوت دینے یا لینے کی جرات ہو گی ہر کام میرٹ اور انصاف پر ہو گا اور جہاں انصا ف ہو وہاں ترقی خود بخود آتی ہے اور عوام متمول اور خوشحال ہونے لگتے ہیں۔  محکموں میں اصلاحات و تبدیلی اور ضروری قانون سازی کا کام مکمل کیا اور اب یہ تبدیلی عوام محسوس کرنے لگے ہیں اور ہمیں بھی بتاتے ہیں نظام کی تبدیلی کا یہ کام موجودہ پندرہ بیس فیصد سے بہت جلد سو فیصد تک پہنچایا جائے گا ہم نئے سکول و ہسپتال بنانے اور عمارات پر عوام کا قیمتی سرمایہ لٹانے اور اُن پر ٹیکسوںکا بوجھ ڈالنے کی بجائے پہلے سے موجود اداروں کو اتنا بہتر بنائیں گے  انکی سہولیات سے عوام مطمئن ہو کر مزید کی ضرورت بھی محسوس نہیں کریں گے ۔انہوں نے سپاسناموں میں پیش کردہ مسائل اور مطالبات پر کئی ترقیاتی سکیموں کا اعلان کیا اور یقین دلایا ان پر عمل بھی ہوگا کیونکہ موجودہ حکومت جھوٹے وعدے نہیں کرتی اور جو کہتی ہے اسے کرکے دکھائے گی۔ ثناء نیوز کے مطابق   پرویزخٹک نے کہا امن کے قیام کیلئے حکومت اخلاص کے ساتھ سفر طے کر رہی ہے۔ عابد  شیر علی چوروں کے بادشاہ ہیں‘ خود بھی چور ہیں اور ان کی وزارت بھی چوروں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ پختون کے مسائل حل نہ کر سکا تو کرسی چھوڑ دوں گا۔ اصولوں پر سودا بازی نہیں کی جائے گی ۔سرکاری اداروں کو عوام دوست ادارے بنائے جا رہے ہیں۔ سرکاری محکموں کو کرپشن فری بنا دیا گیا ہے۔ نظام کی درستگی کیلئے سخت سے سخت اقدامات سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔این این آئی کے مطابق الیکشن کمشن کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات  30 اپریل تک ممکن نہیں۔ حلقہ بندیوں‘ آئین اور قانون میں خامیاں دور  کرنے کیلئے دو مشترکہ کمیٹیاں بھی تشکیل دیدی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن