پولیس میں بے گناہ شہری جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کا رجحان بڑھ رہا ہے: لاہور ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے بے گناہ خاتون کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنے کے خلاف دائر درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ بدقسمتی سے پولیس کے اندر شریف شہریوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ مسٹر جسٹس انوارالحق اور مسٹر جسٹس شہباز علی رضوی پر مشتمل دو رکنی بنچ کے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس کی طرف سے اصل مجرموں کو چھوڑ کر بے گناہ شہریوں کو سنگین مقدمات میں ملوث کئے جانے کا رجحان افسوسناک ہے۔ معصوم شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے عدالتوں کو مداخلت کرنا پڑتی ہے۔ ہائیکوٹ نے اپنے فیصلے میں یہ بھی تحریر کیا ہے کہ بعد از گرفتاری ضمانت کیلئے خاتون کو جیل بھجوانا قانون کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ سبزی منڈی گوجرانوالہ کی رہائشی عابدہ بی بی نے جھوٹے مقدمے میں ملوث کرنے کے خلاف اور عبوری ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔