• news

سستی گیس کا زمانہ گیا، صنعتکار شور مچاتے رہیں دباؤ میں نہیں آئینگے: شاہد خاقان

 اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سستی گیس کا زمانہ ختم ہوگیا، صنعتکار شور بہت مچاتے ہیں دباؤ میں نہیں آئیں گے، اب ایل این جی لائیں گے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے شاہد خاقان عباسی نے کہا سوئی نادرن گیس والوں کا حاکمانہ رویہ درست نہیں، سوئی گیس کے ارجنٹ کنکشن کی پالیسی محکمانہ کرپشن کی وجہ سے ناکام ہوگئی پالیسی پر نظرثانی کی جائے گی۔ ایل این جی لائیں گے اور گیس آنے پر نئے کنکشن دیں گے۔ انہوں نے کہا  حکومت کی جانب سے پاک ایران گیس پائپ منصوبے کی تکمیل کے بارے میں بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں حالانکہ ایران پر عائد عالمی پابندیاں اس منصوبے کی تکمیل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں اور اگر مذکورہ پابندیاں ختم ہو جائیں تو حکومت پاکستان 30 ماہ کے اندر اس منصوبے کو مکمل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا  ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور انڈیا (ٹاپی) گیس منصوبے میں بھی بہت سی پیچیدگیاں ہیں۔ گیس کی دستیابی کو بہتر بنانے کیلئے شیل گیس کے ذخائر سے بھی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا گیس کی رسد کے مقابلے میں طلب میں بہت اضافہ ہو گیا ہے اور کم سے کم وقت میں اس مسئلے کا واحد حل ایل این جی گیس کی درآمد ہے جس کیلئے حکومت کوشش کر رہی ہے۔ایک ٹرمینل کے قیام کیلئے کوششیں جاری ہیں جو 400 ملین کیوبک فٹ فی یومیہ ایل این جی کو ہینڈل کرے گا اور اس سے ملک کو 1.2ارب ڈالر سالانہ بچت ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن