دہشتگردی میں’’ را‘ موساد‘‘ اور امریکی سی آئی اے ملوث ہیں: اسلم بیگ
لاہور (آئی این پی) دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی میں ’’را‘‘ ’’موساد‘‘ اور امریکی سی آئی اے ملوث ہیں۔ پاکستان میں دہشت گردی کا فتنہ تب ہی ختم ہو گا جب قابض فوجیں افغانستان سے نکلیں گی اور افغانستان میں نئی حکومت بنے گی۔ اپنے ایک انٹرویو میں مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ جب سے مذاکرات کا عمل شروع ہوا ہے بدقسمتی سے دہشت گردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے کیونکہ دہشت گرد مذاکراتی عمل کو ناکام بنانے کی سازشیں کر رہے ہیں اور اس میں غیر ملکی طاقتیں ملوث ہیں، دہشت گردی ڈرون حملوں کا بدل ہے ڈرون حملے کروانے والے اب زمینی حملے کروا رہے ہیں۔ حکومت اور طالبان کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکراتی عمل کو کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا امریکہ یہی چاہتا ہے کہ پاکستان اپنے لوگوں سے لڑتا رہے تاکہ اندرونی طور پر یہ کمزور ہو جائے اور اس کے ٹکڑے کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا امریکہ کے جانے کے بعد افغانستان میں طالبان کی ہی حکومت بنے گی کیونکہ وہ وہاں سب سے زیادہ طاقتور ہیں۔