• news

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کیلئے عالمی اسلامی تحریکوں کی طرف سے مبارکباد، 10 روز میں مجلس شوریٰ کا اجلاس بلانے کا امکان

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نو منتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کو عالمی اسلامی تحریکات کی طرف سے مبارکباد کے مسلسل پیغامات موصول ہورہے ہیں، اخوان المسلمون مصر، تحریک اصلاح مراکش، دستوری تحریک کویت، تحریک پرامن معاشرہ الجزائر، تحریک حماس فلسطین، الاخوان المسلمون اردن، مجمع التقریب ایران، جماعت اسلامی ہندوستان، جسٹس پارٹی، مالدیپ، جماعت اسلامی، بنگلہ دیش اور جماعت اسلامی سری لنکا سمیت دنیا بھر سے اسلامی تحریکوں کے سربراہان کی طرف سے موصولہ خطوط اور پیغامات کے ذریعے سراج الحق کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے اس انتخاب کو جماعت اور پاکستان کے لیے باعث خیر و برکت ہونے کی دعا کی ہے۔ اسلامی تحریکات کے سربراہان نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آج منصورہ میں مصروف دن گزارا۔ ان سے وکلا، سماجی و دینی شخصیات نے ملاقات کی اور انہیں مبارکباد دی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق آج جامع مسجد منصورہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ جماعت اسلامی کے نومنتخب امیر سراج الحق کی طرف سے آئندہ 10 روز میں جماعت کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔ سراج الحق شوریٰ کی مشاورت سے خیبر پی کے کے سینئر وزیر کے طور پر کام جاری رکھنے یا مستعفی ہونے اور نئے سیکرٹری جنرل بارے فیصلہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن