• news

متروکہ وقف املاک بورڈ کے ملازمین کا مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیرانتظام پانچوں سکولوں کے اساتذہ اور عملہ نے مستقل نہ کئے جانے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے گھنٹوں دھرنا دیا، مظاہرین نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں خود سوزی کی دھمکی دیدی، مال روڈ پر احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کا نظام شدید دبائو کا شکار رہا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ این این آئی کے مطابق سڑک پر مذاکرات نہ کرنے پر خاتون ٹیچر نے خودسوزی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ سکولوں کے اساتذہ اور دیگر ملازمین حکومت کی طرف سے وعدے کے باوجود مستقل نہ کرنے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے مال روڈ پر پنجاب اسمبلی کے سانے دھرنا دیدیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو کر رہ گیا۔ پولیس نے حفاظتی نقطہ نظر سے مال روڈ پنجاب اسمبلی کی طرف آنے والے تمام راستوں کو رکاوٹیں کھڑی کر کے عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا جس کی وجہ سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام شدید دبائو کا شکار رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو مال روڈ پر ہی اجتماعی خودسوزی کا سلسلہ شروع کر دیا جائیگا۔ دوسری طرف متروکہ وقف املاک بورڈ کے ترجمان  عامر ہاشمی نے کہا ہے کہ بورڈ کے زیرانتظام ایجو کیشن ونگ سے کسی بھی ملازم کو برطرف نہیں کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں ملازمین کا احتجاج بے معنی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن