دہشت گرد ایک فرد نہیں پوری قوم کے دشمن ہیں، کیفر کردار تک پہنچائیں گے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دہشت گرد کسی ایک فرد کے نہیں بلکہ پوری قوم کے دشمن ہیں۔ میں ان مائوں، بہنوں، بیٹیوں، والدین اور بیٹوں کے دکھ کو محسوس کر سکتا ہوں جن کے پیارے دہشگردی کا شکار ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پوری نیک نیتی اور بھرپور قائدانہ صلاحیتوں سے امن کی راہ تلاش کرنے کیلئے سرگرداں ہیں۔ قوم کو وزیر اعظم سے قوی امید ہے کہ ان کی کوششوں کی بدولت ملک میں بہت جلد پائیدار امن قائم ہو جائے گا اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بات راولپنڈی اور اسلام آباد کے ہولی فیملی اور پمز ہسپتالوں میں زیر علاج سبزی منڈی بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر دیگر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ حمزہ شہباز نے زخمیوں کے پاس جا کر مزاج پرسی کی۔ طبی سہولیات اور علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کومتاثرہ افراد کیلئے ہر ممکن طبی سہولیات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ حمزہ شہباز نے زخمیوں میں 75ہزار روپے فی کس امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے امن کا راستہ ضرور نکلے گا۔ افواج پاکستان اور پولیس کے افسران اور جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جانوں پر کھیل کر دشمنوں کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سبزی منڈی دھماکے کے بارے میں انکوائری کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے اور جو ملزم بھی اس میں ملوث پائے گئے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔