پنجاب میں غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے ڈی آئی جی کی نئی آسامی
لاہو ر(جاوید اقبال/ دی نیشن رپورٹ) پنجاب میں مختلف منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس کی ایک نئی اسامی تشکیل دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق بنائی گئی پوسٹ کو ڈی آئی جی (غیرملکیوں کی سکیورٹی) کا نام دیا گیا ہے جو ایک خصوصی سکواڈ کی سربراہی کرے گا۔ کچھ ماہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اعلان کیا تھا کہ ملک کی ترقی کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا تحفظ ضروری ہے۔ چین، ترکی اور دوسرے ممالک کے افراد پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں کی ترقی میں بھرپور تعاون کررہے ہیں لہٰذا یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان ممالک کے آنے والے افراد کی حفاظت کی جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے ایک خصوصی فورس بنانے کا بھی اعلان کیا تھا۔ شہباز شریف نے اب اس حوالے سے تیار کی گئی سمری کی منظوری دیدی ہے۔ اس سکواڈ کیلئے 100 گاڑیاں اور 200 ڈرائیورز بھی فراہم کئے جائینگے۔ اہلکاروں کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات پر 50 کروڑ روپے کے اخراجات ہوں گے۔ ابتدائی طور پر 100 ڈرائیورز کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت نندی پور اور دیگر منصوبوں میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 482 غیر ملکی کام کررہے ہیں۔ 216 امریکی، 13 برطانوی، 176 چینی، 60 ایرانی، 78 ترک اور 80 دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد مصروف عمل ہیں۔