ساہیوال میں کول پاور پلانٹس منصوبہ تاریخی ہے اندھیرے دور کرینگے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت اور چینی کمپنیوں کے درمیان ساہیوال میں 660-660 میگاواٹ کے 2جدید ترین کول پاور پلانٹس لگانے کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حالیہ دورہ چین کے دوران ہونے والے فیصلے کے مطابق ساہیوال میں اس منصوبے پر مئی میں کام کا آغاز کیا جائے گا۔ کول پاور پلانٹس کے اس منصوبے کو ممکنہ حد تک کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔ دریں اثناء شہباز شریف نے چین میں اپنے وفد کے ارکان سے خطاب میں کہا کہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کا منصوبہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت کے اس عزم کے گواہی دیتا ہے جو ہم نے پاکستان سے بجلی کے اندھیرے دور کرنے کے لئے کررکھا ہے۔ حکومت پنجاب بجلی کے نئے منصوبے لگانے کے ساتھ ساتھ کوئلے کی کان کنی کے منصوبوں پر بھی تیزرفتاری سے کام کررہی ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب ہم مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ جس سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ کان کنی کی صنعت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کی تنصیب کا منصوبہ پنجاب اور اہل پاکستان کے لیے بڑی خوشخبر ی کی حیثیت رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کا منصوبہ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع اور جامع پروگرام کا نقطہ آغاز ہوگا۔ اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف گھریلو صارفین کو بجلی میسر آئے گی بلکہ زرعی اورصنعتی مقاصد کے لئے بھی بجلی حاصل ہوگی اور یہ منصوبہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں معاون ثابت ہوگا۔ شہباز شریف نے چین کے شہر سنیا میں شین ڈونگ رویائی گروپ اور ہوانینگ شین ڈونگ پاور کارپوریشن کے سربراہوں سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین بڑھتا ہوا اقتصادی اور تجارتی تعاون دونوں ممالک کے لیے سود مند ہے۔ چین دنیا کی دوسری بڑی معاشی قوت بن چکا ہے اورہم چین کی ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ چین کی اقتصادی ترقی پاکستان سمیت دیگر ترقی پذیر ممالک کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم بھی چین کی ترقی کی تقلید کرتے ہوئے پاکستان کو بڑ ی معاشی قوت بنا سکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو توانائی کے بحران سے نجات دلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شہباز شریف سے صنعتی گروپ نورینکو کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں توانائی، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان چینی سرمایہ کاروں کیلئے دوسرے گھر کی حیثیت اختیار کر گیا ہے۔