نواز حکومت کو کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ہماری پارٹی شدید مخالفت کرے گی: اعتزاز
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ فوج اور حکومت کے درمیان خلیج بڑھتی جا رہی ہے، اس وقت جمہوریت کو خطرہ ہے اگر نواز شریف کی حکومت کو کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو پی پی شدید مخالفت کریگی۔ لاہور کچہری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہو نے کہا کہ موجود صورتحال بہت نازک ہے، حکومت پر دبائو بڑھ رہا ہے لیکن میں اس دبائو کا حصہ نہیں بننا چاہتا اس لئے الیکشن میں کیا ہوا، سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کو کسی بھی ادارے سے خطرہ ہوا تو نواز شریف کا ساتھ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ پاکستان بل سینٹ میں منظوری کیلئے پیش کیا جانا ہے اس کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔