• news

جے یو آئی (ف) نے حکومت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا

اسلام آباد(ثناء نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) جے یو آئی (ف) نے حکومت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان جے یو آئی (ف) کا کہنا ہے کہ ہمارے وزرا نے حکومت کو استعفے جمع کرا دیئے ہیں۔ جب تک ڈیڈلاک ختم نہیں ہوتا حکومت کے ساتھ چلنا مشکل ہے، ان کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے ہمیں تحفظ پاکستان آرڈیننس، قومی سلامتی پالیسی پر اعتماد میں نہیں لیا، اس سے قبل طالبان سے مذاکرات پر بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کو کبھی اقتدار کی طلب نہیں رہی اور نہ ہی وزارتیں کبھی ترجیح رہی ہیں۔ تحفظ پاکستان بل، قومی سلامتی پالیسی پر بھی حکومت نے اعتماد میں نہیں لیا جبکہ پالیسی ایشوز پر گزشتہ 4 ماہ سے حکومت سے تحفظات تھے۔ حکومت نے جے یو آئی کو اتحادی سمجھا ہی نہیں تھا۔ دوسری جانب ثناء نیوز کے مطابق حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان تحفظ پاکستان بل 2014ء کے معاملے پر مذاکرات ناکام ہو گئے۔ اتحادی جماعت نے حکومت کو ترامیم سے آگاہ کر دیا جس پر موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ ترامیم لینا ہیں تو بل کی کیا ضرورت رہ جاتی ہے۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جے یو آئی وزارت کامرس اور شپنگ حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتی تھی، یہ دونوں قلمدان مسلم لیگ (ن) کے وزراء کے پاس ہیں۔ وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم چین سے واپسی پر فضل الرحمن سے ملاقات کرینگے۔

ای پیپر-دی نیشن