• news

پاکستان ، بھارت کو ہرا کر فسٹ بال کا ایشین چیمپئن بن گیا

 لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے بھارت کو شکست دیکرپنجاب انٹرنیشنل سپورٹس فیسٹیول کے سلسلہ میں ہونے والی پہلی ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ جیت لی۔یونیورسٹی آف لاہور میں ہونے والی پہلی  ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں روایتی حریفوں کے مابین دلچسپ مقابلہ ہوا۔ قومی ٹیم شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ پر مکمل طور پر حاوی رہی اور حریف ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہ دیا۔قومی ٹیم نے  بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 3-2  سے ٹائٹل اپنے نام کیا۔پاکستان کی جانب سے عمر ریاض، مجدد اعوان اور اویس نے پوائنٹ سکور کئے ،پاکستان کی جیت پر یونیورسٹی اللہ اکبر کے نعروں  سے گونج اٹھی جبکہ فتح حاصل کرنے کے بعد کھلاڑیوں نے اللہ تعالی کے حضور سجدہ بھی ادا کیا اور پورے گرائونڈ کا چکر لگا کر جیت کا جشن منایا۔ اس موقع پر آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان مجددنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی فتح کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ،ان کا کہناتھا کہ ٹورنامنٹ کے لئے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اترے تھے ، اس فتح نے پاکستان میں فسٹ بال کی ترقی  کے لئے نئے راستے کھول دیئے ہیں۔  پہلی ایشیئن فسٹ بال چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن کے لئے کھیلے گئے میچ میں نیپال نے آسٹریلیا کو 3-1 سے ہرا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن