زرمبادلہ ذخائر 10 ارب ڈالر سے بڑھ گئے، بجلی بحران میں کمی آئی: اسحاق ڈار
واشنگٹن (آن لائن + اے پی پی + نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کے بڑے اقتصادی اعشاریئے ملک کی مستحکم اقتصادی بحالی کو ظاہر کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واشنگٹن میں امریکہ کی ڈپٹی سیکرٹری ٹریژی سارہ بلوم راسکن، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ جن یانگ اور ایرانی وزیر خزانہ علی طیب نیا کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کی نتائج پر مبنی ٹھوس پالیسیوں کے نتیجہ میں آئی ایم ایف پروگرام میں کامیابی حاصل کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری ٹریژی نے وزیر خزانہ کو یورو بانڈ کے کامیاب اجراء پر مبارکباد دی اور پاکستان کی مضبوط اقتصادی بحالی کی بھی تعریف کی۔دریں اثناء ا یرانی وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات میں اگلی سہ ماہی میں مشترکہ اقتصادی کمیشن کے ٹائم فریم اور ایجنڈا پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشترکہ اقتصادی کمیشن میں 50 نکاتی ایجنڈا پر بات چیت کی جائے گی اور جن نکات پر عملدرآمد نہیں ہوا ان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر خزانہ عالمی بنک کے نائب صدر سے بھی ملے۔