• news

مشرف کے مقدمہ کا فوج سے تعلق نہیں‘ تحفظ پاکستان بل صرف دو سال کیلئے ہے : احسن اقبال

لاہور+ نارووال (آئی این پی+ نامہ نگار+ اے این این) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات  احسن اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ تحفظ پاکستان کا قانون ہمیشہ کیلئے نہیں، غیرمعمولی حالات سے نمٹنے اور صرف 2 سال کیلئے ہے‘ امریکہ میں بھی ایسا قانون آیا تو لوگوں کو بہت تحفظات تھے، اسی دوران ملک میں حالات بہتر ہوجائیں گے‘ مشرف کے مقدمہ کا فوج سے کوئی تعلق نہیں ممکن نہیں، مشرف کا مقدمہ فوج کا مقدمہ بن جائے‘ ہم سب کی ذمہ داری ہے ملکی استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہ کریں۔ پرویز مشرف کے جرائم کو فوج سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ پرویز مشرف اور انکے وکلاء ملک میں جو بحران پیدا کر رہے ہیں وہ بدترین سازش ہے۔ پرویز مشرف کے گھنائونے جرائم باعث شرم ہیں انکو قانون کا سامنا کرنا چاہئے‘ فوج اور اسکا ہر جوان ہمارے کیلئے قابل احترام ہے‘ دہشت گردوں کے خلاف کسی بھی وقت آپر یشن ہوسکتا ہے تاہم پھر اس سے پیچھے ہٹنا مشکل ہوگا‘ اگر پرویز مشرف کو سزا نہیں دینی تو پھر ملک میں طاقتور اور کمزور کیلئے الگ الگ قانون بنانا ہوگا ‘بلوچستان میں اکبر بگٹی کو قتل نہ کیا جا تا تو آج وہاں حالات خراب نہ ہوتے۔ دریں اثنا لاہور میں تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ پر ویز مشرف نے ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا اور انکو اپنے مخالفین کے پیچھے لگائے رکھا اور پرویز مشرف کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی اور ڈرون اور خود کش حملے شروع ہوئے۔ پرویز مشرف نے ملک اور قوم کے ساتھ جو کیا اسکی انکو ضرور سزا ملنی چاہئے۔ پرویز مشرف نے فوج کے ادارے کو اپنی سیاست کیلئے جس انداز میں استعمال کیا اس سے فوج کا کردار بے حد متنازع ہو گیا تھا، سربراہ اپنے ادارے کے دفاع کا بیان دیتا ہے، آرمی چیف کے بیان کو کچھ قوتوں نے ہوا دینے کی کوشش کی ہے، آرمی چیف جیسے بیانات سپیکر قومی اسمبلی اور چیف جسٹس آف پاکستان روزانہ دیتے ہیں۔  نارووال سے نامہ نگار کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہے کہ طلباء وطالبات کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں لہذا انکی تعلیم و تربیت بہتر انداز سے کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، معاشرے میں نمایاں مقام حاصل کرنے کیلئے طلباء و طالبات کوتعلیم کے تسلسل کو قائم رکھنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف کامرس نارووال میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرخواجہ محمد وسیم بٹ ایم پی اے، رانا منان ایم پی اے، معروف سماجی شخصیت رانا محمد اسلم خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر ارشد علی، اے ڈی ارشد علی، پرنسپل ڈگری کالج پروفیسر محمد اشرف کاہلوں اورسخاوت علی پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجو ایٹ کالج آف کامرس نارووال بھی موجود تھے۔ انہوں نے طلباء وطالبات کو تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ نئی نسل کو اپنی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ انہوں نے آگے چل کر ملک کی بھاگ ڈور سنبھالنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن