فلور ملز ایسوسی ایشن نے کل سے صوبہ بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا
لاہور(نیوز رپورٹر) فلور ملز ایسوسی ایشن نے کل (سوموار) سے صوبہ بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز ایسوسی ایشن کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب میاں ریاض اور گروپ لیڈر عاصم رضا کا کہناتھا کہ ایسوسی ایشن کے تمام اراکین نے متفقہ طور پر 14 اپریل بروز پیر سے مکمل ہڑتال کی کال دیدی ہے، اس دوران فلور ملز نہ تو گندم کا کوٹہ اٹھائیں گی، نہ گندم کی پسائی کی جائیگی اور نہ ہی گندم کی مصنوعات اوپن مارکیٹ میں فروخت ہوںگی۔ پفما کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ فلور ملز گزشتہ پانچ روز سے علامتی ہڑتال پرہیںاور ایسا صرف ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے رویہ اور فلور ملرز کے ساتھ کی گئی وعدہ خلافی کے خلاف بطور احتجاج کیا گیا۔ دوسری جانب ہڑتال کے باعث اوپن مارکیٹ میں آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں شہری آٹے جیسی بنیادی ضرورت کے حصول کیلئے بھی خوار ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز شہر کی مصروف مارکیٹوں کا سروے کرنے کے دوران اندازہ ہوا کہ آٹے کی سپلائی 60 سے 80 فیصد تک متاثر ہو چکی ہے اور مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا بیگ جو 780 روپے تک فروخت ہو رہا تھا وہ 950 روپے کلو تک بلیک میں فروخت ہو رہا ہے۔ مزید براں نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشنز نے پیر سے ملیں بند کرنے کا اعلان کیا۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب میاں ریاض کے مطابق یہ اقدام فوڈ اتھارٹی کے چھاپوں کیخلاف کیاجارہا ہے۔ ملوں کی سیمپلنگ کا اختیار صرف ڈائریکٹر فوڈ کے پاس ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے اہلکار سیمپلنگ کے نام پر فی سیمپل6ہزار روپے اضافی فیس مانگتے ہیں، ملوں کی بندش سے آٹے کا بحران پیدا ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔