تحفظ پاکستان بل سینٹ سے منظور نہ ہونے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائیگا، ذرائع
اسلام آباد (ثناء نیوز+ نوائے وقت رپوٹ) وفاقی حکومت نے تحفظ پاکستان بل میں ترمیم کردی ہے، صوبائی حکومتوں کے اختیار کے الفاظ حذف کردیئے گئے، سکیورٹی اداروں کو گولی چلانے کی اجازت ہوگی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بل کے مسودے سے صوبائی حکومت کے اختیار کے الفاظ حذف کردیئے گئے، ترمیم کا اختیار صرف وفاقی حکومت کو ہوگا، سینٹ سے منظوری کے بعد پی پی او فوری طور پر 3 سال کیلئے نافذ العمل ہوگا۔ حکومت نے بل منظور کرانے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق سینٹ سے بل نامنظور ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے گا، حکومت کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بل منظوری کیلئے سادہ اکثریت حاصل ہو جائے گی۔