پادریوں کی بچوں سے زیادتی پر پوپ فرانسس نے معافی مانگ لی
لندن (ثناء نیوز) کیتھولک فرقے کے مسیحوں کے رہنما پوپ فرانسس نے پادریوں اور دوسرے مذہبی رہنمائوں کے ہاتھوں بچوں کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی پر معافی کی درخواست کی ہے۔ پوپ نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتی سے کلیسا سے منسلک مردوں کے ہاتھوں اخلاقی نقصان ہوا اور اس سلسلے میں چرچ سے منسلک افراد پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔ پوپ نے یہ بیان بچوں کے حقوق کی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ایک ملاقات میں دیا اور یہ اس مسئلے پر پوپ فرانسس کا سخت ترین بیان ہے۔