9 ماہ کے بچے کیخلاف اقدام قتل کا مقدمہ خارج، تھانیدار کو شوکاز نوٹس
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی قمر نے 9 ماہ کے بچے موسیٰ کیخلاف اقدام قتل اور کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرنے والے تھانیدار کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ فاضل جج نے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئے کہ پولیس ایف آئی آر آنکھیں کھول کر لکھا کرے۔ فاضل عدالت نے بغیر سوچے سمجھے شیر خوار بچے کا ایف آئی آر میں نام لکھنے والے تفتیشی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے اس سے جواب طلب کرلیا۔ فاضل عدالت نے غلطی سے بچے کا نام ایف آئی آر میں لکھنے پر پولیس کی سرزنش کی اور سی سی پی او لاہو کو ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔ گزشتہ روز مذکورہ کیس کی سماعت کے دوران ننھے موسیٰ کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ گزشتہ روز مذکورہ کیس میں ایس ایچ او تھانہ مسلم ٹائون ودیگر نے پیش ہو کر عدالت کو بتایا کہ مذکورہ بچے کا نام غلطی سے درج ہواہے تاہم بچے کا نام مقدمہ سے خارج کردیا گیا ہے۔ بچے کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈووکیٹ عرفان صادق تارڑ نے عدالت میں بچے کا برتھ سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا۔