گیلپ سروے رپورٹ سفید جھوٹ اور لطیفے کے سوا اور کچھ نہیں، پی پی پی سندھ
کراچی(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی نے نواز شریف حکومت سے متعلق کرائے گئے گیلپ سروے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ بھونڈا مذاق قرار دیا ہے اور کہا کہ سروے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے متر ادف ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم جس میں ملک سے لوڈ شیڈینگ-6 ماہ میں ختم کرانے کا وعدہ کیا تھا لیکن گیارہ ما ہ گذرنے کے باوجود پورا ملک لوڈ شیڈنگ کے بد ترین عذاب سے گذرہا ہے، بے روزگار ی انتہا کو پہنچ گئی، آبادی کے 52% سے زیادہ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں مہنگائی آسمان کو چھور ہی ہے، مذاکرات کے باوجود دہشت گردی عروج پر ہے اور گیلپ سروے میں مسلم لیگ نکی حکومت کو 59% بہتر بتایا جار ہا ہے جو سفید جھوٹ اور لطیفے سے زیادہ کچھ نہیں ہوسکتا ہے۔ ڈالر کی قیمت کم ہونے کے باوجود عوام کی قوت خرید مزید کم ہوگئی ہے غریب طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں 5 سالہ حکومت میں عوام کے محدود وسائل کے باوجود بہتر خدمت کی لاکھوں نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں ،کنٹریکٹ ملازمتیوں کی مستقلی، مزدوروں کی-12% شیئر کی فراہمی، بجلی کی کمی کو دور کرنے کے لئے تھر کول اور دیگر منصوبوں کا آغاز، دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے موثر حکمت عملی، سوات کے علاقے کو دہشت گردوں سے وگزار کراکے وہاں پاکستانی پرچم کو سربلند کیا، امریکہ، بھارت، افغانستان کے ساتھ اصولوں پر مذاکرات اور تعلقات ،مسلئہ کشمیر کو اجاگر کرنا، ایران پاکستان گیس پائپ لائن کا آغاز ایسے پروگرام دیئے۔ گیلپ سروے ان اقدامات کو بیان کرنے سے قاصر نظر آتا ہے۔ کس کی کارکردگی بہتر تھی یا بہتر ہے عوام 2018 کے الیکشن میں فیصلہ کردیں گے۔ نواز شریف او رشہباز شریف نے جو وعدے کئے تھے ان کا کیا بنا۔ ادارہ اپنے ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلے اور غریبوں کی بستیوں اور گائوں اور گوٹھوں کا دورہ کر کے عوام کی رائے لیں تو اصل حقیقت سامنے آ جائے گی اور اس سروے پر اسے خود شرمندگی ہوئی۔