• news

13 خودکشیاں: نوجوان نے پھندا لے لیا، محبوبہ کو قتل کر کے خود کو گولی مار لی

لاہور/ گوجرانوالہ/ قصور (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) مختلف علاقوں میں 4 خواتین سمیت 13 افراد نے خودکشی کر لی۔ لاہور کے علاقے تھانہ مصطفی آباد کے علاقہ میں بی کام کے طالب علم جواد نے نامعلوم وجوہ کی بنا پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ موت کی اطلاع گھر پہنچنے پر کہرام برپا ہو گیا۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق 18 سالہ محمد بابر نے غربت اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر قادر آباد ہیڈ بلوکی لنک نہر بھکھی کے قریب چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ علی پور چٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق رشتہ سے انکار پر نوجوان نے لڑکی کو قتل کر کے خود کو بھی گولی مار لی۔ دونوں موقع پر ختم ہو گئے۔ محلہ چودھری بشیر احمد چٹھہ کے  ریاض کی بچی مہوش ڈینٹل کلینک پر کام کرتی تھی جہاں دنیاپور ملتان کا بلال بھی ملازم تھا۔ لڑکے نے ریاض سے بچی کا رشتہ مانگا، انکار پر اس کے گھر گھس کر اسے گولی مار کر خود کو بھی گولی مار لی جبکہ ایس ایچ او علی پور چٹھہ سرفراز احمد کے مطابق لڑکے کو سر کے پیچھے گولی ماری گئی، یہ خودکشی نہیں لگتی غیرت کے نام پر قتل ہو سکتا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گھریلو ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ وزیر آباد کے نوجوان عمیر نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی ختم کر لی۔ قصور سے نامہ نگار کے مطابق مصطفیٰ آباد کے علاقہ کتلوہی میں شریف نے گھریلو حالات سے تنگ آکر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ محمد شریف کا اپنے اہل خانہ سے گھریلو تنازعہ چلا آ رہا تھا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے پر شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی۔ تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ جوہرکالونی کے رہائشی حماد عباس کی اہلیہ (غ) کا اہلخانہ کے ساتھ جھگڑا ہوا جس پر اس نے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں نگل لیں۔ گجرات میں 60 سالہ امانت علی نے گزشتہ روز ذہنی توازن خراب ہونے کی بنا پر گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ ادھر دینہ کے نواحی علاقہ میں میاں بیوی کی آئے روز لڑائی جھگڑے پر 3 بچوں کی  ماں طاہرہ نے تنگ آکر تیزاب پی کر خود کشی کر لی۔ علاوہ ازیں نارووال میں گھریلو تنازع پر آٹھ بچوں کی ماں نسرین نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ علاوہ ازیں غربت سے تنگ آ کر محنت کش نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔محبت میں ناکامی پر  22 سالہ نوجوان  نے خود کشی کرلی۔ علی پور چٹھہ  کے چالیس سالہ  اصغر علی پانچ بچوںکے باپ نے گھریلو حالات و غربت سے تنگ آ کر زہریلی گولیاں  نگل لیں۔جلالپور کے  عمر نے  گندم والی گولیاں کھا کر موت کو گلے لگا لیا۔ چک جھمرہ میں 18 سالہ  یاسر نے دوسری شادی کرنے پر گلے میں پھندا  لے کر خود کشی کر لی۔  مظفر گڑھ سے آن لائن کے مطابق گھریلو جھگڑوں اور شوہر کے تشدد سے تنگ خاتون پروین نے زہر پی کر زندگی ختم کر لی۔

ای پیپر-دی نیشن