• news

اورکزئی: منشیات میلے سے تحریک طالبان نے 110 افراد اغوا کر لئے: سرکاری ذرائع

اورکزئی ایجنسی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) سرکاری ذرائع کا کہنا ہے خیبر ایجنسی اور اورکزئی ایجنسی کے سرحدی علاقے میں  کنڈائو سے کالعدم تحریک طالبان نے 110 افراد کو اغواء کر لیا اور بعدازاں 40 افراد کو چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ 70 افراد اغوا کاروں کی تحویل میں ہیں۔ مجموعی طور پر 110 افراد کو اغوا کیا گیا۔ تمام افراد حیدر کنڈائو میں منشیات کے میلے سے اغواء ہوئے۔ کالعدم تحریک طالبان نے منشیات کا میلہ لگانے سے منع کیا تھا۔ این این آئی کے مطابق پولیس نے مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا، نجی ٹی وی کے مطابق حیدرکنڈائومیں ایک مقامی روایتی میلہ جاری تھا کہ اس دوران اچانک درجن سے زائد مسلح حملہ آوروں نے دھاوا بول دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوراسلحہ سے لیس تھے اورانہوں نے بغیر کسی شناخت کے اسلحے کے زور پر افرادکو زبردستی اپنے ساتھ چلنے کا کہا، اغواء کیے گئے افرادکو ایک بڑے ٹرک میں سوارکرکے اغواء کار نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق تاحال اغواء کاروں کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا وہ کون تھے اورکہاں سے آئے اور نہ ہی یہ پتہ چل سکا ہے اغوا کے بعد وہ کہاں فرار ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تاحال اغواء کاروں کے مطالبات سامنے نہیں آئے اورنہ ہی کسی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن