• news

وزیراعظم صرف شہباز شریف کو بیرون ملک کیوں لے جاتے ہیں: عمران

لاہور ( این این آئی + آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے عوام کی  تحریک انصاف سے بڑی امیدیں ہیں اور ہم عوام کو انکے حقوق دلوانے کے لئے ہر جگہ انکی آواز بنیں گے،اراکان اسمبلی پارٹی تنازعات ختم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ،عوام کے منتخب نمائندوں کو انکے مسائل کے حل کیلئے کام کرنا ہو گا، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا ایشو ہر سطح پر اٹھایا جائے۔ اپنی رہائشگاہ میں اسلم اقبال ایم پی اے سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا پانی کے صاف پانی اور دیگر بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے عوام کی آواز بنیں گے۔ ارکان اسمبلی عوامی نمائندے ہیں اس لیے انہیں عوام کے مسائل کے حل کے کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا عوام کو ہم مایوس نہیں کریں گے۔ آن لائن کے مطابق ایک بیان میں عمران خان کا کہنا ہے وزیراعظم غیر ملکی دوروں میں صرف شہباز شریف کو ہی کیوں لے کر جاتے ہیں، اس اقدام سے دیگر صوبوں میں احساس محرومی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں سیاسی قیادت نے کبھی میرٹ کو ترجیح نہیں دی، ہماری سیاسی قیادت بادشاہت کی طرح ہے جو ہمیشہ میرٹ کے بجائے اقربا پروری اور ذاتی پسند ناپسند کو ترجیح دیتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن