• news

پختون قوم کی نعشوں کی قیمتیں جانوروں سے بھی کم ہو گئیں: محمود اچکزئی

مینگورہ(نا مہ نگار)پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ پاکستان کا استحکام تب ہی ممکن ہے جب ملک میں آئین کی بالادستی قائم اور بیرون ممالک کی مداخلت بند ہو  جائے،  یہ ملک ہمیں کسی نے خیرات میں نہیں دیا ہے بلکہ اس کی خاطر ہمارے بزرگوں نے خون کی ندیاں بہا  دی تھیں،  امریکہ اور بھارت ہمارے ملک میں مداخلت بندکردیں ورنہ ان کا حشر بھی پوری دنیا  پر قبضہ کرنے والے سکندر اعظم جیسا ہوگا۔ پختون قوم کو کسی نے دہشت گرد ثابت کیا تو توبہ کرکے سیاست ہی چھوڑدوں گا۔ پختون قوم کی لاشوں کی قیمتیں جانوروں سے بھی کم ہوگئی ہیں ہم مزید یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات کے علاقے خوازہ خیلہ کے گرائونڈ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمودخان اچکزئی نے کہاکہ ہم پورے پختونوں کو متحد کرنے کے لئے جہدوجہد کررہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ سوات کے عوام پر مظالم ڈھائے گئے اور اب وزیرستان میں آگ جل رہی ہے۔ہمیں اپنے وسائل پر اختیار نہیں دیا جارہا ہے۔ پختونوں کو فرنگی کے خلاف اسلام کے دفاع کی سزادی جارہی ہے۔ جب تک پنجاب کی طرح پختونوں کو یکساں حقوق نہیں ملتے ہم پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگاسکتے ،انہوں نے کہاکہ آئین کی بالادستی تسلیم کرنے والوں کو سلام کرتے ہیں۔ پختون ایک ہوجائیں اور اپنے حقوق کے لئے مشترکہ جدوجہد کریں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقہ پی کے 86 میں 24 اپریل کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں پختونخواملی عوامی پارٹی کے امیدوارمختارخان یوسفزئی کو کامیاب بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن