• news

وردی وردی ہوتی ہے نئی ہو یا پرانی، مشرف کو سزا نہیں ہوگی: اختر مینگل

نوشکی (اے پی اے) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ پرویز مشرف کو ان کے کئے کی سزا ملے گی کیونکہ وردی وردی ہوتی ہے چاہے وہ نئی ہو یا پرانی۔ نوشکی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بد امنی کا آغاز پرویز مشرف کی حکومت میں ہوا، ان کے ہی دور اقتدار میں صوبے میں مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کی روایت پڑی جو آج اپنے عروج پر ہے۔ موجودہ حکومت نے انسانی کھوپڑیوں کے مینار کھڑے کردیئے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت آپریشن میں ملوث نہیں تو اپنی بے بسی واضح کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے پر بااختیار لوگوں سے مذاکرات تو ہو سکتے ہیں لیکن ایلچیوں سے نہیں۔ اخترمینگل نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کی بہتری کیلئے صرف مشرف کو سزا دینا کافی نہیں۔ مذاکرات کے نام پرکوئلے کا کاروبار کرنے کا شوق نہیں۔مزیدبرآں  سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ عوام سے رائے لینے آیا ہوں کہ  بی این پی اسمبلیوں  میں  رہے یا نہ رہے‘ انہوں نے ڈیتھ سکواڈز کو غیرمسلح کرنے کے حکومتی دعوئوں پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ حکومت نے مسلح ڈیتھ سکواڈز بنائے کیوں۔ انہوں نے  کہا کہ بیشتر سیاسی جماعتوں کی سخت مخالفت کے باوجود تحفظ پاکستان بل عوام   پر مسلط کرنا حکومتی بدنیتی کی واضح مثال ہے۔ نوازشریف نے بلوچستان میں حالات کی بہتری کی نوید تو سنائی مگر صوبے کے حالات بد سے بدتر ہو رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن