تحفظ پاکستان بل، سینٹ اور اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس آج ہونگے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ثناء نیوز) نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے ایوان بالا، سینٹ کا اجلاس آج پیر سے شروع ہورہا ہے۔ وزیراعظم کے منظور شدہ عبوری کیلنڈر کے مطابق یہ اجلاس بارہ روز جاری رہے گا۔ توقع ہے نئے پارلیمانی سال کا یہ پہلا اجلاس خوب ہنگامہ خیز ہوگا۔ اجلاس میں ممکنہ طور پر تحفظ پاکستان بل بطور خاص موضوع بحث بنے گا کیونکہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بل کی مخالفت کررہی ہیں۔ ایوان بالا میں اکثریت نہ ہونے کے باعث اس معاملہ پر حکومت کو سینٹ میں مشکل صورتحال کا سامنا رہے گا۔ حکومت اور شدت پسندوں کے درمیان جاری مذاکرات، داخلی سلامتی کو درپیش چیلنج، بدامنی، مہنگائی، حکومت کی نجکاری پالیسی اور شام سمیت خارجہ پالیسی کے متعدد پہلو بھی زیر غور آنے کا امکان ہے۔ ثناء نیوز کے مطابق سینٹ میں تحفظ پاکستان بل 2014 پر متحدہ اپوزیشن کی حکمت عملی پر مشاورت کیلئے اپوزیشن کی پارلیمانی جماعتوں کا مشترکہ اجلاس آج پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ بل پر متفقہ طور پر ترامیم تیار کی جائیں گی۔ سینٹ میں قومیت پرست حکومتی جماعتوں بشمول جے یو آئی (ف) ایم کیو ایم کو بھی اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے مشاورتی پارلیمانی اجلاس میں پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، (ق) لیگ اور سینٹ کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ارکان شریک ہونگے۔سینٹ میں اپوزیشن جماعتوں نے اس بات کا بھی فیصلہ کرلیا ہے کہ حکومت اگر بل میں ترامیم شامل کرنے پر آمادہ نہ ہوئی تو بل کو منظور نہیں ہونے دیا جائیگا۔