ایاز پلیجو مزید 3سال کیلئے قومی عوامی تحریک کے صدر منتخب
حیدرآباد (آئی این پی) قومی عوامی تحریک کے مرکزی انتخابات میں ایاز لطیف پلیجو مزید آئندہ 3 سال کے لئے صدر منتخب ہوگئے۔ قومی عوامی تحریک کے انتخابات کے لئے حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں پولنگ ہوئی۔ سندھ بھر سے 21 سو سے زائد کونسل ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، مرکزی صدر کے لئے ایاز لطیف پلیجو، ڈاکٹر عزیز اور ذوالفقار پھلپوٹو میں مقابلہ ہوا، ایاز لطیف پلیجو بھاری اکثریت سے مزید تین سال کے لئے مرکزی صدر منتخب ہوگئے، دیگر عہدوں پر انور سومرو سیکریٹری جنرل، عبدالقادر رانٹو سینئر نائب صدر، نور احمد کاتیار ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور لال جروار رابطہ سیکریٹری منتخب ہوئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ قومی عوامی تحریک پہلی قوم پرست پارٹی ہے جو جمہوری انداز میں باقاعدگی سے اپنے پارٹی انتخابات کراتی ہے۔ دیگر قوم پرست جماعتوں کو بھی اسی طرح جمہوری انداز میں اپنے الیکشن کرانے چاہئیں۔