• news

سندھ، بلوچستان میں پی آئی اے کے دفاتر بند ہونے سے لوگ بیروزگار ہونگے، صورتحال کا نوٹس لیں، وزیراعظم کو خورشید شاہ کا خط

اسلام آباد (ثنا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف  سید خورشید شاہ  نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں پی آئی اے کے دفاتر بند کرنے، منظور نظر ملازمین کی ترقیوں اور قواعد کی دھجیاں بکھیرنے  پر احتجاج کرتے ہوئے حکومتی اقدام کے خلاف وزیراعظم ڈاکٹر محمد نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے۔ قائد حزب اختلاف دفتر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کو بھیجے گئے خط میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے ان دفاتر کے بند ہونے سے برسر ملازمت لوگوں کا روزگار چھن جائیگا اور ان شہروں کیلئے پی آئی اے کی پروازیں نہ چلنے کی وجہ سے شہریوں کو آمدورفت کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ پی آئی اے میں ملازمین کو جو حالیہ ترقیاتی دی گئی ہیں ان میں میرٹ کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں پی آئی اے انتظامیہ نے صرف اپنے منظور نظر لوگوں کو اس سے نوازا ہے۔ وزیراعظم پی آئی اے کے غریب ملازمین کو بے روزگار ہونے سے بچائیں، پی آئی اے کے سندھ اور بلوچستان میں ان دفاتر کی بندش کا نوٹس لیں۔

ای پیپر-دی نیشن