نئی بھارتی حکومت سے مذاکرات کرینگے‘ دیرینہ تنازعات کو جڑ سے ختم کرنا ہو گا : پاکستانی ہائی کمشنر
نئی دہلی (ثناء نیوز) نئی دہلی میں متعین پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان الیکشن کے نتیجہ میں بننے والی نئی بھارتی حکومت سے مذاکرات کرے گا تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مسائل اور تنازعات کا پائیدار حل جلد تلاش کیا جا سکے۔ ایک خصوصی انٹرویو میں عبدالباسط کا کہنا تھا کہ جون 2014ء میں بننے والی نئی بھارتی حکومت اور نواز شریف حکومت تنازعات کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ تادیر قائم نہیں رہ سکتی۔ پائیدار دوستی اور اچھی ہمسائیگی کے لئے تنازعات جڑ سے ختم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بھارتی حکومت نواز شریف کے ویژن کا مثبت جواب دے گی اور تنازعات مستقل بنیادوں پر حل کرے گی ۔ دریں اثناممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عبدالباسط نے مزید کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دونوں ملکوں سے وابستہ تاجر پل کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس پل کی مضبوطی ضروری ہے تاکہ باہمی تعاون اور اعتماد سازی کی وجہ سے مسائل حل کرنے میں مدد حاصل ہو سکے۔ عبدالباسط نے واضح طور اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تجارت کو نئی جہت فراہم کرنے کے لئے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں وہ اپنے پڑوسی ملک بھارت کو کافی ترجیح دے رہا ہے۔ پاکستان تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے پہلے ہی کئی اقدامات اٹھا چکا ہے۔ پاکستان اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ باہمی تعلقات کو آگے لے جانے کا خواہشمند ہے اور اس سلسلے میں تجارت بہترین رول ادا کر سکتی ہے۔ سال 2013 بھارت اور پاکستان کے درمیان کئی پیچدگیوں کے باوجود تجارت کے حوالے سے مثبت ثابت رہا اور یہ کوششیں لگاتار کی جا رہی ہیں کہ تجارت کے میدان میں مزید آگے قدم بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے لئے آنے جانے کی بہتر سہولیات فراہم ہو جانے سے دونوں ملکوں کے رشتوں کو استحکام ہو سکے گا۔