• news

کوٹ لکھپت جیل میں قتل کا مجرم، فیصل ٹائون میں غیرملکی پراسرار ہلاک

لاہور (سٹاف رپورٹر + نامہ نگار) کوٹ لکھپت جیل میں قتل کیس کا 30سالہ مجرم پرسرار طور پر ہلاک ہوگیا، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی۔ بتایا گیا ہے کہ گجرات کے علاقے محلہ سلیم آباد کے رہائشی رسول شاہ کا بیٹا قیصر شاہ قتل کے مقدمہ میں 25سال کی عمر قید کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہا تھا۔ گذشتہ روز اس کی جیل کے اندر اچانک حالت غیر ہوگئی۔ پولیس کے مطابق قیصر شاہ کو جیل ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا جیل انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی پولیس نے لاش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ دریں اثناء فیصل ٹائون کے علاقہ میں سے دو روز قبل بے ہوشی کی حالت میں ملنے والا تنزانیہ کا 52 سالہ شہری گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرادی۔ بتایا جاتا ہے کہ سی بلاک میں 52 سالہ شہری ڈیلس جونز کرائے کے گھر میں رہائش پذیر تھا۔ دو روز قبل فیصل ٹائون میں واقع فلیٹس کے قریب وہ پراسرار طور پر بے ہوشی کی حالت میں پڑا تھا۔ اہل علاقہ نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع کی جسے پولیس نے طبی امداد کے لئے ہسپتال میں داخل کرا دیا تھا جہاں وہ گزشتہ روز دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے۔ پولیس کے مطابق متوفی کی موت بیماری کے باعث ہوئی ہے جبکہ تنزانیہ کے سفارت خانے کو بھی اطلاع کردی گئی ہے۔ ہلاکت کی اصل وجوہات پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر سامنے آئیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن