لاپتہ ملائشین طیارے کا بلیک باکس ملنے کی امیدیں کم ہورہی ہیں: سرچ ٹیم
سڈنی (بی بی سی نیٹ نیوز) ملائشین طیارے کی تلاش میں مصروف سرچ ٹیم کے حکام کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کے ملنے کی امیدیں کم ہوتی جارہی ہیں۔ برطانوی بحریہ کا ایک جہاز 24 گھنٹے ملائشیا کے لاپتہ مسافر طیارے ایم ایچ 370 کے بلیک باکس کی تلاش میں مصروف ہے۔ بحری جہاز ایچ این ایس ایکو کے کمانڈر کے مطابق وہ آٹھ مارچ کو لاپتہ ہونے والے ہوائی جہاز کی جنوبی بحیرہ ہند میں تلاش کے آپریشن میں مدد کررہے ہیں۔ بحری جہاز کے کمانڈر فلپ نیوویل کے مطابق مسافر طیارے کی تلاش ایک چیلنج ثابت ہورہا ہے۔ بحری جہاز پر طیاروں کے بلیک باکس فلائٹ ریکارڈز کے سگنل موصول کرنے کے لئے خصوصی آلات نصب ہیں۔ برطانوی بحری جہاز چھ ہزار مربع میل کے علاقے میں ہوائی جہاز کو تلاش کرچکا ہے۔ کمانڈر نیوویل کے مطابق وہ رواں ماہ کے اختتام پر جائزے سے پہلے ہوائی جہاز کی تلاش کے آپریشن میں اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔ ہوائی جہاز کی تلاش میں برطانوی بحری جہاز کے علاوہ ایک آبدوز بھی حصہ لے رہی ہے جس میں زیر آب تلاش کی خصوصیات شامل ہیں۔ تلاش کے عمل میں مصروف حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ طیارے کا بلیک باکس ملنے کی امیدیں کم ہوتی جارہی ہیں کیونکہ بلیک باکس کی بیٹری عام طور پر صرف ایک ماہ تک کام کرسکتی ہے اور یہ مدت پوری ہوچکی ہے۔